وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کی جانب سے کھیل میں سیاست گھسیٹنے پر سخت تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ مودی نے اپنی سیاست بچانے کے لیے کرکٹ کی سپرٹ اور کلچر کو تباہ کر دیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ مودی کی یہ حرکتیں برصغیر میں امن کے امکانات کو ختم کر رہی ہیں اور خطے کے مسائل کے حل کے چانسز بھی ختم کر رہی ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ عزت اس طرح بحال نہیں ہوتی، پاک بھارت جنگ کا سکور چھ صفر پتھر پر کندہ ہو گیا ہے اور مودی بھارت اور دنیا دونوں میں خوار ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے کسی قسم کا ردعمل نہ دینا بھی ایک پیغام ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں مگر مقابلہ کرنے والے نے کھیل کی روح کو تباہ کر دیا ہے۔
ایشیا کپ کے دوران بھارتی ٹیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملایا اور فائنل سے قبل بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان کے ساتھ ٹرافی کے فوٹو سیشن سے انکار کر دیا۔ اس کے علاوہ فائنل میچ کے بعد بھارتی بورڈ کی ایما پر بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے بھی انکار کیا، جس کی وجہ سے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں فائنل تقریب بھی تاخیر کا شکار ہوئی۔
کھیل کو جنگی بیانیے سے جوڑنے پر بھارتی اپوزیشن کی مودی پر کڑی تنقید
خواجہ آصف کے اس بیان کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ کھیل کے ذریعے تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششیں بھارتی حکومت کی سیاست کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہیں اور امن کے راستے مزید مشکل ہو رہے ہیں۔