19
کابل: سکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پشاور میں 2022 کے ہولناک دھماکے کا سہولت کار اور داعش خراسان کا اہم کمانڈر محمد احسانی عرف انوار افغانستان میں ہلاک ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق محمد احسانی افغانستان کے شہر مزار شریف میں مارا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک کمانڈر نہ صرف پشاور کے کوچہ رسالدار دھماکے کا سہولت کار تھا بلکہ پاکستان میں دہشتگردوں کو لانے اور منظم کرنے کا بھی ذمہ دار تھا۔
واضح رہے کہ پشاور کوچہ رسالدار مسجد دھماکہ 2022 میں پیش آیا تھا، جس میں 67 نمازی شہید ہوگئے تھے۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ دھماکے میں تاجک خودکش بمبار ملوث تھا، جسے پاکستان لانے اور اس کی تربیت دلانے میں محمد احسانی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق داعش خراسان کا یہ کمانڈر پاکستان کے خلاف متعدد منصوبوں میں بھی ملوث رہا تھا اور اس کی ہلاکت کو خطے میں شدت پسند نیٹ ورک کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔