بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) سے پاکستان کے دو کھلاڑیوں حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان — کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارتی بورڈ نے الزام لگایا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں ہونے والے پاک-بھارت میچ کے دوران اشتعال انگیز اشارے کیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی بورڈ نے آئی سی سی کو ای میل کے ذریعے شکایت ارسال کی ہے، جس میں میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ویڈیو شواہد بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
رونالڈو نے بھی رافیل گرنے پر بھارت کا مذاق بناڈالا، محسن نقوی نے ویڈیو شیئر کردی
شکایت میں کہا گیا ہے کہ میچ کے دوران تماشائیوں کی جانب سے "کوہلی، کوہلی” کے نعرے لگنے پر حارث رؤف نے جیٹ کریش کی طرز پر ہاتھوں سے اشارے کیے اور 0-6 کا نشان بنایا، جسے بھارتی بورڈ نے اشتعال انگیزی قرار دیا۔ اسی طرح صاحبزادہ فرحان پر الزام ہے کہ انہوں نے نصف سنچری بنانے کے بعد گن فائر اسٹائل میں جشن منایا۔
بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ حرکات "گیم کی اسپرٹ” کے خلاف ہیں اور آئی سی سی کو ان کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔
دوسری جانب فخر زمان کے آؤٹ ہونے پر پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے بھی امپائرنگ فیصلے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے آئی سی سی سے رجوع کیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاک-بھارت میچ کا تناؤ میدان سے باہر بھی برقرار ہے۔