ریاض سے جاری ہونے والے شاہی اعلامیے کے مطابق خانہ کعبہ کے معروف امام، شیخ ڈاکٹر صالح بن حمید کو سعودی عرب کا نیا مفتی اعظم اور علماء کی سینئر کونسل کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔
یہ تقرری سابق مفتی اعظم، شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کے انتقال کے بعد عمل میں آئی۔
شیخ صالح بن حمید 1949 میں سعودی عرب کے شہر البوکریہ میں پیدا ہوئے۔ وہ 1984 سے مسجد الحرام میں امام کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور ان کا شمار عالم اسلام کے ممتاز دینی رہنماؤں میں ہوتا ہے۔
سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ انتقال کرگئے
ان کی علمی خدمات میں میدانِ عرفات میں مسجد نمرہ کا خطبہ حج بھی شامل ہے، جو پوری مسلم دنیا میں خصوصی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ ان کی فقہی بصیرت، قرآنی تفسیر پر گرفت، اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے کوششوں کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جاتا ہے۔
علماء کرام کا کہنا ہے کہ شیخ صالح بن حمید کی تقرری سعودی عرب کے مذہبی اداروں میں ایک نئی فکری جہت متعارف کرائے گی، اور ان کی قیادت میں دینی رہنمائی اور فتاویٰ کے شعبے میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔