ایشیا کپ کے دوران پاکستان کے خلاف کھیلے گئے میچ کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی متنازع گفتگو نے انہیں مشکلات میں ڈال دیا ہے۔
میچ کے بعد پریزینٹیشن میں دیے گئے سیاسی بیان پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں باضابطہ شکایت جمع کرائی ہے۔
ذرائع کے مطابق، پی سی بی کی جانب سے فراہم کردہ شواہد کا جائزہ میچ ریفری رچی رچرڈسن لے رہے ہیں، جنہوں نے بھارتی ٹیم مینجمنٹ کو ای میل کے ذریعے متنبہ کیا ہے کہ کپتان کے ریمارکس کھیل کے مفاد اور اس کی غیر سیاسی حیثیت کے خلاف تھے۔
سوریا کمار: پاکستان سے اب وہ مقابلے کی فضا نہیں رہی، بھارت اکثر غالب رہا ہے
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سوریا کمار یادیو کی گفتگو سے کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچا اور ان کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی کارروائی متوقع ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کی طرف سے دو سرکاری رپورٹس بھی آئی سی سی کو موصول ہو چکی ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر یہ معاملہ مزید بڑھا تو سوریا کمار کو نہ صرف جرمانے بلکہ ممکنہ طور پر پابندی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پریزینٹیشن کے دوران پہلگام واقعے کا ذکر کر کے انہوں نے کرکٹ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی، جس پر اب ان پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔