لاہور کے علاقے ہنجروال میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک نوجوان نے نشے کے لیے رقم نہ دینے پر اپنے 70 سالہ والد کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق، ملزم علی رضا نے معمولی تلخ کلامی کے بعد اپنے والد شوکت علی پر گھریلو گیس سلنڈر سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں بزرگ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈولفن اسکواڈ کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور قاتل بیٹے کو فرار ہوتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کو تھانہ ہنجروال کے حوالے کر دیا ہے جہاں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، علی رضا منشیات کا عادی تھا اور ماضی میں بھی والدین سے پیسے مانگنے پر جھگڑے کرتا رہا ہے۔ قتل کے روز بھی اس نے نشے کے لیے رقم طلب کی، انکار پر وہ مشتعل ہو گیا اور اپنے والد پر جان لیوا حملہ کر دیا۔
اس نوعیت کا ایک اور افسوسناک واقعہ کچھ عرصہ قبل پنجاب کے ضلع گجرات میں بھی پیش آ چکا ہے۔ مراریاں گاؤں میں عثمان نواز نامی نوجوان نے ناشتہ دینے میں تاخیر پر اپنی روزے دار ماں کو آہنی سلاخ سے قتل کر دیا تھا۔
پولیس کے مطابق، ماں رضیہ بی بی نے روزے کی حالت میں کچھ دیر آرام کی درخواست کی تھی، جس پر بیٹے نے غصے میں آکر ان کے سر پر وار کر دیا۔ خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا تھا۔
یہ واقعات معاشرے میں منشیات کے بڑھتے ہوئے اثرات، اخلاقی تربیت کی کمی اور خاندانی رشتوں کے زوال کی عکاسی کرتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ منشیات کی روک تھام اور نوجوانوں کی ذہنی صحت پر توجہ نہ دی گئی تو اس طرح کے دل خراش واقعات مزید بڑھ سکتے ہیں۔