ابوظبی: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستانی فاسٹ بولرز کا جارحانہ مزاج انہیں بہت پسند ہے اور ان کا کام ہی وکٹیں لینا اور مخالف ٹیم پر دباؤ ڈالنا ہے۔
ایشیا کپ کے سلسلے میں ابوظبی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ اگرچہ اب تک فائنل تک رسائی حاصل نہیں ہوئی، لیکن ٹیم کا مقصد ایشیا کپ جیتنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ میچز میں اچھی فتوحات حاصل کیں، تاہم ابھی بڑی ٹیموں کے خلاف جیتنا باقی ہے۔
شاہین نے دبئی کی کنڈیشنز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہاں فاسٹ بولرز کو اتنی زیادہ سوئنگ نہیں ملتی، لیکن پھر بھی وہ چاہتے ہیں کہ پانچوں فاسٹ بولرز ایک ساتھ میدان میں اتریں کیونکہ وہ سب جارحانہ کھیل پیش کرتے ہیں، جو ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں عموماً ایک یا دو کھلاڑی ہی پرفارم کرتے ہیں، سب کھلاڑی ایک ساتھ پرفارم نہیں کر پاتے، یہی مختصر فارمیٹ کی فطرت ہے۔
ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بڑی ہلچل، ابرار چوتھے نمبر پر، شاہین اور حارث کی بھی ترقی
شاہین آفریدی نے اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم مکمل طور پر ایشیا کپ جیتنے کے لیے تیار ہے اور ہر کھلاڑی اپنی ذمہ داری نبھانے کے لیے پرعزم ہے۔