واٹس ایپ کا نیا ترجمہ فیچر: اب زبان کی رکاوٹ کوئی مسئلہ نہیں

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے دنیا بھر کے صارفین کے لیے ایک نیا اور مفید فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت صارفین اب چیٹ میں موصول ہونے والے پیغامات کو براہِ راست اپنی زبان میں ترجمہ کر سکتے ہیں۔ اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ ترجمے کا عمل موبائل فون کے اندر ہی مکمل ہوتا ہے، جس سے نہ صرف رفتار تیز ہوتی ہے بلکہ صارفین کی پرائیویسی بھی محفوظ رہتی ہے۔

latest urdu news

میٹا کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی فون دونوں پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے اور اسے مرحلہ وار دنیا کے 180 سے زائد ممالک میں جاری کیا جا رہا ہے۔ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے انگریزی، عربی، ہندی، ہسپانوی، پرتگیزی اور روسی زبانوں کی سہولت شامل کی گئی ہے، جبکہ آئی او ایس (iOS) صارفین ایپل ٹرانسلیشن سسٹم کے تحت 19 مختلف زبانوں میں ترجمہ کر سکتے ہیں۔

اینڈرائیڈ صارفین اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے کسی پیغام پر کچھ دیر تک دباؤ ڈالیں، پھر اوپر دائیں کونے میں موجود تین نقطوں والے مینو پر جائیں اور ’ٹرانسلیٹ‘ کے آپشن کو منتخب کریں۔ اس کے بعد اپنی پسندیدہ زبان کا انتخاب کریں اور پیغام کا ترجمہ فوراً آپ کے سامنے آ جائے گا۔

اضافی سہولت کے طور پر اینڈرائیڈ میں ’آٹو ٹرانسلیشن‘ کا آپشن بھی شامل ہے، جسے کسی مخصوص رابطے کی چیٹ کے لیے فعال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد اس چیٹ میں آنے والے تمام پیغامات کا ترجمہ خودکار طور پر ہوتا رہے گا۔ البتہ یہ آپشن فی الحال آئی فون صارفین کے لیے دستیاب نہیں۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ فیچر صرف موبائل ایپ پر فعال ہوگا اور فی الحال واٹس ایپ ویب یا ونڈوز ورژن میں دستیاب نہیں ہے۔ ترجمے کی سہولت نہ صرف عام چیٹس بلکہ گروپ چیٹس اور چینلز میں بھی کام کرے گی۔

واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر کو زبان کی رکاوٹ ختم کرنے اور بین الاقوامی رابطوں کو آسان بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے صارفین نہ صرف مختلف زبانوں کو سمجھ سکیں گے بلکہ فوری طور پر ردعمل بھی دے سکیں گے، جو کہ کاروباری اور ذاتی گفتگو کو مزید مؤثر بنا دے گا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter