معروف اداکارہ صائمہ قریشی نے اپنی رائے دوبارہ دہرائی ہے کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی خاتون کو کام کرنے یا کاروبار کرنے سے منع نہیں کرتیں۔
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق، صائمہ قریشی نے ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ میں اپنی بات رکھی اور کہا کہ یہ ان کا ذاتی خیال ہے جس پر وہ آج بھی قائم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود بھی کام اور کاروبار کرتی ہیں، لیکن ان کا ماننا ہے کہ عورت کی کمائی میں وہ برکت نہیں ہوتی جو شاید مردوں کی کمائی میں ہوتی ہے۔
صائمہ قریشی نے اس بات کی وضاحت بھی کی کہ عورت کے سامنے زندگی کی بہت سی ذمہ داریاں ہوتی ہیں، جن کی وجہ سے وہ مالی بچت کرنے سے قاصر رہتی ہے۔ انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ کئی سالوں سے محنت کر رہی ہیں مگر اب تک اپنا گھر نہیں بنا سکیں اور کرائے کے مکان میں رہائش پذیر ہیں۔
عورت کی کمائی کو بے برکت کہنا غلط، برکت نیت اور محنت سے آتی ہے: ثمینہ پیرزادہ
اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر کوئی مرد اتنی محنت کرتا تو شاید آج اس کا اپنا گھر ہوتا۔ صائمہ قریشی نے یہ بھی واضح کیا کہ چونکہ وہ سنگل ماں ہیں، اس لیے کام کرنا ان کے لیے ضروری ہے، لیکن ان کا خیال ہے کہ بنیادی طور پر کمانا عورت کی ذمہ داری نہیں بنتی۔