لاہور میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پیرا فورس کا قیام ان کا دیرینہ خواب تھا جو اب حقیقت میں بدل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب صوبے بھر میں زمینوں پر قبضے سے متعلق مقدمات کے فیصلے صرف 90 دن کے اندر ہوں گے۔
تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے فورس میں شامل ہونے والے نوجوانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں عوام کی خدمت کا موقع دیا ہے۔ انہوں نے نوجوان اہلکاروں کو تاکید کی کہ وہ ایمانداری اور دیانتداری سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، اور وعدہ کریں کہ کسی قسم کی رشوت کا حصہ نہیں بنیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پیرا فورس کو عوام کو ظلم سے بچانے اور ان کو انصاف فراہم کرنے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں اور بازاروں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے، جس پر عوام، بالخصوص خواتین، نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پیرا فورس میں باصلاحیت خواتین کی بھی شمولیت کی گئی ہے، تاکہ عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے عمل میں خواتین کا بھی اہم کردار ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کئی اضلاع میں جرائم کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے، اور عوامی خدمت کے لیے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے پنجاب میں جو امن قائم کیا، اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب وہ اضلاع، جہاں پہلے جرائم عام تھے، وہاں کے لوگ خود تسلیم کر رہے ہیں کہ حالات بہتر ہو چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے زمینوں پر قبضے کے واقعات، بالخصوص بیواؤں اور یتیموں کی اراضی سے متعلق سنگین مسائل پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ان مظلوم طبقات کی زمینوں پر ناجائز قبضے کرنے والوں کے خلاف سخت قانون لایا جا رہا ہے، جس کے تحت خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی، اور ہر قبضہ کیس کا فیصلہ 90 دن کے اندر کیا جائے گا۔ ساتھ ہی، ایسے مجرموں کو 10 سال تک قید کی سزا دی جائے گی۔