ایشیا کپ سپر فور: پاکستان دلچسپ مقابلے میں سری لنکا پر غالب، حسین طلعت میچ کے ہیرو

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ابوظبی، ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے نہ صرف ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کی بلکہ فائنل تک رسائی کی امیدوں کو بھی روشن کر دیا۔

اس میچ میں حسین طلعت آل راؤنڈ کارکردگی کے ساتھ میچ کے ہیرو قرار پائے۔ انہوں نے نہ صرف دو وکٹیں حاصل کیں بلکہ 30 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 32 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی کھیلی، جو پاکستان کی جیت میں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔

latest urdu news

ان کے ساتھ محمد نواز نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ اگرچہ انہیں مسلسل دوسرے میچ میں بولنگ کا موقع نہیں ملا، تاہم بیٹنگ میں انہوں نے 24 گیندوں پر 38 ناٹ آؤٹ رنز بنائے، جن میں تین چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔ دونوں کھلاڑیوں نے مل کر چھٹی وکٹ کی شراکت میں 58 قیمتی رنز جوڑے اور میچ پاکستان کے حق میں پلٹ دیا۔

یہ میچ منگل کی شب شیخ زاید اسٹیڈیم، ابوظبی میں کھیلا گیا، جہاں پاکستان کے ٹاپ آرڈر بیٹرز ابتدائی طور پر ناکام رہے۔ تاہم حسین طلعت اور محمد نواز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلوائی۔

پاکستان ایشیا کپ کے فائنل میں کیسے پہنچ سکتا ہے؟

پاکستان کی اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے کیا، جنہوں نے 45 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔ مگر دونوں بلے باز تھکشانا کی شاندار بولنگ کا شکار بنے اور محض تین گیندوں کے اندر آؤٹ ہو گئے، جس کے بعد مڈل آرڈر بھی مشکلات کا شکار رہا۔

سری لنکا کی ٹیم مسلسل دوسرا میچ ہارنے کے باوجود ابھی ٹورنامنٹ میں شامل ہے، لیکن اب اس کی آگے رسائی دوسری ٹیموں کی کارکردگی پر منحصر ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter