10
کرکٹ کی دنیا کے ممتاز اور باوقار امپائر ڈکی برڈ 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کا شمار ان چند امپائرز میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی غیر جانبداری، مزاحیہ انداز اور کھیل سے محبت کی وجہ سے کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کے دل جیتے۔
ڈکی برڈ نے اپنے امپائرنگ کیریئر میں 66 ٹیسٹ میچز اور 69 ون ڈے انٹرنیشنلز میں خدمات انجام دیں، جن میں ورلڈ کپ فائنل جیسے اہم مقابلے بھی شامل تھے۔ وہ 7 خواتین ون ڈے میچز میں بھی امپائرنگ کر چکے ہیں۔
امپائرنگ سے پہلے وہ ایک کھلاڑی کے طور پر بھی میدان میں اُترے اور 93 فرسٹ کلاس میچز میں شرکت کی۔ ان کا کرکٹ سے تعلق صرف ایک پیشہ نہیں، بلکہ ایک جذبہ تھا جسے انہوں نے پوری زندگی نبھایا۔
ڈکی برڈ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ مداحوں میں بھی یکساں طور پر پسند کیے جاتے تھے۔ ان کے انتقال پر یارکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب سمیت دنیائے کرکٹ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔