آئی فون 17 سیریز کے ماڈلز میں ایک بڑے مسئلے کی نشاندہی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایپل نے 9 ستمبر کو اپنی نئی آئی فون 17 سیریز کو متعارف کرایا تھا، جس کی باقاعدہ فروخت 19 ستمبر سے شروع ہوئی۔ یہ ماڈلز دنیا بھر میں صارفین میں خاصی مقبولیت حاصل کر رہے ہیں، تاہم اب ان کے حوالے سے ایک اہم مسئلہ سامنے آیا ہے۔

صارفین کی بڑی تعداد نے سوشل میڈیا پر شکایات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آئی فون 17 سیریز کے بعض ماڈلز بہت جلد خراشوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اس مسئلے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کئی افراد نے ان فونز کو "اسکریچ میگنیٹ” کا لقب دے دیا ہے۔

latest urdu news

فروخت شروع ہونے کے کچھ ہی گھنٹوں بعد، ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر متعدد صارفین نے آئی فون 17 ائیر، 17 پرو، اور 17 پرو میکس کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں جن میں ان ماڈلز کے پچھلے حصے پر واضح خراشیں دیکھی جا سکتی ہیں۔ ایک صارف نے اپنی ویڈیو میں آئی فون 17 پرو میکس کی حالت دکھاتے ہوئے اسے "اسکریچ گیٹ” کا نام دیا۔

ایک اور صارف نے آئی فون 17 ائیر کی تصویر اپلوڈ کی جس میں خراش موجود تھی، اور اسے "اسکریچ میگنیٹ” کہا۔ یہ شکایات محض آن لائن تبصروں تک محدود نہیں رہیں بلکہ ایک یوٹیوب ویڈیو میں بھی مختلف تجربات کیے گئے جن میں آئی فون 17 ماڈلز کو چاقو، چابیاں، سکے، اسکریو ڈرائیور اور لائٹرز جیسے عام اشیاء کے ذریعے جانچا گیا۔

ان تجربات میں یہ بات سامنے آئی کہ خاص طور پر نارنجی اور نیلے رنگ کے آئی فون 17 پرو ماڈلز دیگر کے مقابلے میں زیادہ جلدی متاثر ہوتے ہیں۔ یہ اس وقت حیران کن لگتا ہے جب یاد کیا جائے کہ ایپل نے خود دعویٰ کیا تھا کہ اس سیریز کے پرو ماڈلز میں استعمال کیا گیا سرامک شیلڈ عام خراشوں کے خلاف تین گنا زیادہ تحفظ فراہم کرتا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، ایپل نے ان رپورٹس پر تاحال کوئی سرکاری ردعمل نہیں دیا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter