لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سعودی عرب کے 93ویں قومی دن کے موقع پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ "سعودی عرب میں قومی دن کا جشن ہے تو پاکستان بھی خوش ہے۔”
اپنے بیان میں مریم نواز نے سعودی عرب سے پاکستان کے گہرے اور دیرینہ تعلقات کو سراہا اور کہا کہ سعودی عرب محض پاکستان کا دوست نہیں بلکہ ہر مسلمان کے دل میں خاص مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی معاہدہ صرف دو ممالک کے درمیان نہیں، بلکہ امتِ مسلمہ کی یکجہتی کی علامت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کو ہمیشہ کڑے وقت میں سعودی عرب کا بھرپور ساتھ حاصل رہا ہے، جس پر ہم سعودی قیادت اور عوام کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محافظِ حرمین الشریفین کی حیثیت سے پاکستان کو جو عزت ملی ہے، وہ باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں سعودی عرب کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی دعا بھی کی، اور اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے۔
سعودی عرب کا قومی دن ہر سال 23 ستمبر کو منایا جاتا ہے، جس دن 1932 میں مملکت سعودی عرب کے قیام کا اعلان کیا گیا تھا۔ پاکستان میں بھی اس موقع پر عوامی سطح پر خوشی اور برادر اسلامی ملک سے محبت کا اظہار کیا جاتا ہے۔