کوئٹہ: مسافر کوچ میں 20 کروڑ روپے مالیت کے ساڑھے 7 کلو سونے کی ڈکیتی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللّٰہ میں ایک سنسنی خیز واردات کے دوران مسلح افراد نے مسافر کوچ کو روک کر ساڑھے 7 کلو سونا لوٹ لیا۔

واقعہ مسلم باغ کے قریب پیش آیا، جہاں تین گاڑیوں میں سوار ڈاکوؤں نے کوچ کو زبردستی روکا اور دو مسافروں کو اتار کر ان کے بیگ چھین لیے۔

latest urdu news

لیویز حکام کے مطابق متاثرہ مسافر ملتان کے رہائشی ہیں اور سونا لے کر کوچ کے ذریعے کوئٹہ جا رہے تھے۔ چھینے گئے بیگ میں موجود سونے کی مقدار تقریباً 7.5 کلوگرام تھی، جس کی مالیت 20 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واردات نہایت منظم انداز میں کی گئی، جس سے یہ شبہ ظاہر ہوتا ہے کہ ڈاکوؤں کو سونے کی منتقلی کی مکمل معلومات پہلے سے حاصل تھیں۔ واقعے کے بعد لیویز فورس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی ہے اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں پر کام کیا جا رہا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی ملوث عناصر کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

یہ واقعہ نہ صرف سیکیورٹی اداروں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے بلکہ سونے کی نقل و حمل سے وابستہ افراد میں خوف و ہراس بھی پھیل گیا ہے۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کوچز میں سوار قیمتی سامان لے جانے والے افراد کو مناسب سیکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter