بھارتی ریاست گجرات کے شہر ودودرا میں ایک حیرت انگیز واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون نے مبینہ طور پر 2 گول گپے کم دیے جانے پر سڑک پر دھرنا دے دیا، جس کے باعث گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون نے الزام عائد کیا کہ ٹھیلے والے نے اسے 20 روپے میں 6 گول گپوں کے بجائے صرف 4 دیے۔ خاتون کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں تھا بلکہ ٹھیلے والا اکثر ایسا ہی کرتا تھا۔ واقعے کے دوران خاتون سڑک پر بیٹھ کر زارو قطار روتی رہی، اور شدید احتجاج کرتی رہی۔
یہ منظر دیکھ کر راہگیر اور موٹر سائیکل سواروں نے ویڈیوز بنانی شروع کر دیں، جس سے چند ہی لمحوں میں ہجوم اکٹھا ہو گیا اور ٹریفک بلاک ہو گیا۔ سڑک پر پیدا ہونے والی اس غیر معمولی صورتِ حال پر پولیس کو طلب کیا گیا۔
پولیس کے پہنچنے پر خاتون نے مطالبہ کیا کہ اسے فوری طور پر مزید دو گول گپے دلوائے جائیں۔ تاہم پولیس نے خاتون کو سڑک سے ہٹا کر ٹریفک بحال کرا دی، لیکن یہ واضح نہیں ہو سکا کہ خاتون کا مطالبہ پورا کیا گیا یا نہیں۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے جہاں صارفین اس پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔ کچھ لوگوں نے خاتون کی ضد کو "گول گپے کی طاقت” قرار دیا تو کچھ نے اس پر شدید تنقید کی۔ یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کی یاد دہانی ہے کہ معمولی بات بھی اگر وقت پر نہ سلجھائی جائے تو وہ عوامی مسئلہ بن سکتی ہے۔