فخر زمان کا متنازع آؤٹ: پاکستان کی آئی سی سی سے ٹی وی امپائر کی شکایت

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایشیا کپ 2025 کے پاکستان بمقابلہ بھارت میچ میں فخر زمان کے آؤٹ ہونے کا واقعہ تنازع کا باعث بن گیا۔ فخر زمان کو کیچ آؤٹ قرار دیا گیا، تاہم ری پلے میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ گیند زمین کو چھو چکی تھی۔ اس فیصلے نے نہ صرف پاکستانی ٹیم کے مورال پر اثر ڈالا بلکہ میچ کے نتیجے پر بھی براہِ راست اثرانداز ہوا۔

latest urdu news

پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے اس فیصلے کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے باقاعدہ شکایت درج کروا دی۔ ٹیم مینیجر نوید اکرم چیمہ نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ سے تحریری طور پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا، جبکہ کپتان کی جانب سے جمع کرائی گئی میچ رپورٹ میں بھی اس معاملے کو نمایاں کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹیم نے اعتراض اٹھایا کہ ایک ایسے اہم اور ہائی پروفائل میچ میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے ایک غیر معروف اور ناتجربہ کار ٹی وی امپائر عزت اللہ صفی کو تعینات کرنا ناقابلِ فہم فیصلہ تھا۔ فخر زمان کو محض 15 رنز پر متنازع انداز میں آؤٹ قرار دیا گیا، جس وقت پاکستان کا اسکور صرف 21 رنز تھا، اور ٹیم کے لیے ایک مضبوط آغاز کی امید ختم ہو گئی۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کپتان سلمان علی آغا نے بھی اس فیصلے پر تحفظات ظاہر کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لگا کہ گیند زمین پر لگی ہے، مگر فیصلہ امپائر کا ہوتا ہے، جو ہمیں ماننا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے میچ پر توجہ رکھی، لیکن اس فیصلے نے ہمارے امکانات کو کمزور کیا۔

پاک بھارت ٹاکرا: سابق کھلاڑیوں نے فخر زمان کے کیچ آؤٹ کو متنازع قرار دے دیا

فخر زمان کی وکٹ گرنے کے بعد پاکستانی ڈریسنگ روم میں ناراضی کا ماحول تھا، اور ہیڈ کوچ سمیت کئی افراد نے اس فیصلے کو ناقابلِ قبول قرار دیا۔ ٹیم کا مؤقف ہے کہ اس غلط فیصلے نے میچ کا رخ موڑا اور اس کے اثرات ٹیم کی کارکردگی پر بھی ظاہر ہوئے۔

پاکستانی ٹیم نے مطالبہ کیا ہے کہ آئی سی سی مستقبل میں ایسے اہم میچز کے لیے تجربہ کار اور غیر جانب دار امپائرز کا انتخاب کرے تاکہ کھیل کی ساکھ پر سوال نہ اٹھیں۔ ٹیم کو امید ہے کہ اس شکایت پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا اور آئندہ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter