انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے دہشتگردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر گزشتہ تین ماہ کے دوران 940 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، جن کے نتیجے میں 89 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور اور راولپنڈی سے 14، فیصل آباد اور بہاولپور سے 7، جھنگ اور سرگودھا سے 6، ساہیوال سے 5، گوجرانوالہ سے 4، اور گجرات سے 3 دہشت گرد گرفتار کیے گئے۔ ان دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، 85 ڈیٹونیٹرز، 183 فٹ تار، 717 پمفلٹس، موبائل فونز، نقدی، پرائما کارڈز اور دیگر حساس مواد برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے مزید انکشاف کیا کہ گرفتار دہشتگرد ملک کے مختلف حصوں میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے تاکہ خوف و ہراس پھیلایا جا سکے۔ اس کے علاوہ، گزشتہ تین ماہ میں کیے گئے 13,521 کومبنگ آپریشنز کے دوران 5 لاکھ 52 ہزار 692 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 1,131 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ان آپریشنز کا مقصد صرف دہشتگرد عناصر کی گرفتاری نہیں بلکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔