ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے ہاتھوں ایک بار پھر شکست کے بعد پاکستانی اداکارہ مریم نفیس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹیم میں تبدیلی کا دلچسپ مطالبہ کر دیا۔
مریم نفیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر چیئرمین پی سی بی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا: "محسن برو، انڈر 19 والے پلیئرز کھلا لو، پلیز!”۔ ان کا یہ تبصرہ مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا اور چند گھنٹوں میں ہی وائرل ہو گیا۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب گزشتہ روز کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا تھا، جو بھارت نے 19ویں اوور میں صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
یاد رہے کہ بھارت نے اس سے قبل گروپ مرحلے میں بھی پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔ مسلسل دو ناکامیوں کے بعد قومی ٹیم کی کارکردگی پر شائقین اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
ٹورنامنٹ کے تناظر میں پاکستان کے لیے اب صورتحال کافی پیچیدہ ہو گئی ہے۔ فائنل میں رسائی کے لیے پاکستان کو اپنے باقی دونوں میچز میں فتح حاصل کرنا ہوگی۔ ایک اور شکست کی صورت میں قومی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی۔