ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 میں پاک بھارت میچ کے دوران پاکستانی اوپنر فخر زمان کو آؤٹ دیے جانے کے فیصلے نے بحث کو جنم دے دیا۔
پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے، جو 15 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعی اسکور 21 پر وکٹ گنوانے پر مجبور ہوئے۔ ان کی وکٹ ہارڈک پانڈیا نے حاصل کی۔
فخر زمان کو آؤٹ دینے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے اس فیصلے کو متنازع قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق ہاردک پانڈیا کی بول پر فخر زمان کے آؤٹ ہونے کا فیصلہ فیلڈ امپائرز نے تھرڈ امپائر کو بھیجا، جہاں ایکشن ری پلے میں دیکھا گیا کہ گیند زمین پر لگنے کے بعد وکٹ کیپر کے ہاتھ میں پہنچی، مگر پھر بھی تھرڈ امپائر نے فخر زمان کو آؤٹ قرار دیا۔
اس فیصلے پر فخر زمان خود بھی حیران نظر آئے، جبکہ کمنٹیٹرز نے بھی اس پر حیرانی کا اظہار کیا۔
بھارت ڈھٹائی پر قائم، بھارتی کپتان نے ایک بار پھر ٹاس کے بعد پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہیں ملایا
قومی ٹیم کے سابق کھلاڑیوں نے بھی فخر زمان کے حق میں رائے دیتے ہوئے کہا کہ وہ واضح طور پر ناٹ آؤٹ تھے۔ فاسٹ بولر محمد عامر نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر کہا کہ فخر زمان آؤٹ نہیں تھے۔
اسی طرح فواد عالم نے ایکس پر لکھا: "ایسا لگتا ہے ہم 11 کے بجائے 14 کھلاڑیوں کے خلاف کھیل رہے ہیں، فخر زمان واضح طور پر ناٹ آؤٹ تھے۔”
یہ واقعہ میچ کے دوران بحث کا سبب بنا اور سوشل میڈیا پر صارفین اس فیصلے پر کھل کر ردعمل دے رہے ہیں۔