13
پنجاب پولیس نے راجن پور کے کچے کے علاقے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 6 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
تفصیلات کے مطابق، راجن پور پولیس نے کچے کے علاقے میں مغویوں کی بازیابی کے لیے ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ عمرانی گینگ کے ڈاکوؤں نے گزشتہ اتوار کی شب روجھان سے 6 شہریوں کو اغوا کیا تھا اور انہیں کچے کی طرف لے گئے تھے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس نے ڈاکوؤں کو گھیرے میں لیا اور ان کے ٹھکانوں میں داخل ہوگئی، جس پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے جبکہ 7 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس نے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو بھی آگ لگا دی اور تعاقب جاری رکھا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مغویوں کی بحفاظت بازیابی پر راجن پور پولیس کی کامیاب کارروائی کو سراہا اور اہلکاروں کو شاباش دی۔