اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ حالیہ دفاعی معاہدہ تاریخ ساز ہے اور اس کے مثبت اثرات پاکستان کی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے بعد سعودی عرب میں پاکستانی افواج کی تعداد میں اضافہ ہوگا، جس سے دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ "معرکۂ حق کی فتح” کا ثمر ہے اور پاکستان کو خطے میں ایک نئی قوت فراہم کرے گا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ماضی میں بھی پاکستان نے کئی دفاعی معاہدے کیے لیکن مشکل وقت آنے پر معاہدہ کرنے والے ممالک نے مدد فراہم نہیں کی۔ تاہم سعودی عرب کے ساتھ طے پانے والا یہ معاہدہ عملی نتائج کا حامل ہوگا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے بعد دیگر دوست ممالک کے ساتھ بھی دفاعی تعاون ممکن ہے، لیکن "جو ہمارے خیرخواہ نہیں وہ اس معاہدے سے ناخوش ہیں۔”
سعودی عرب سے تاریخی معاہدہ، دیگر ممالک بھی دفاعی معاہدے کے خواہش مند ہیں، اسحاق ڈار
انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی ولی عہد نے انہیں ملاقات میں یاد دلایا کہ 1971 میں سعودی عرب نے پاکستان کی مدد کے لیے دو گن بوٹس کراچی بھیجی تھیں۔