سکھر: کھیت میں گھس کر پانی پینے پر بااثر وڈیرے نے اونٹنی کی ٹانگ توڑ دی، مقدمہ درج

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سکھر میں ظلم کی انتہا ہوگئی، بااثر وڈیرے نے کھیت میں گھس کر پانی پینے پر اونٹنی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی ٹانگ توڑ دی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں اونٹنی کے مالک کے مطابق وڈیرے نے غصے میں آکر اونٹنی کو ٹریکٹر سے باندھ کر گھسیٹا اور اس کے منہ پر ڈنڈے بھی مارے۔ زخمی اونٹنی کو علاج کے لیے ہسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹروں نے علاج کرنے سے انکار کردیا۔

latest urdu news

وزیراعلیٰ سندھ نے میئر سکھر سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل شاہ کو زخمی اونٹنی کا فوری علاج کرانے کی ہدایت کی۔ کمیل شاہ نے مختیارکار کو جانوروں کے ڈاکٹر کے ساتھ جائے وقوعہ پر بھیج دیا تاکہ زخمی جانور کو طبی امداد فراہم کی جاسکے۔

ادھر پولیس نے اونٹنی کے مالک کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق نامزد تین ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال جون میں بھی سانگھڑ میں ایک بااثر وڈیرے نے زرعی زمین میں گھسنے پر اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی تھی، تاہم اُس وقت پولیس نے اصل ملزم کے بجائے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ بعد ازاں واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور حکومت کے نوٹس لینے کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter