اسلام آباد: وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین حالیہ دفاعی معاہدے کے جشن کے سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں جاری چراغاں 23 ستمبر یعنی سعودی قومی دن تک برقرار رکھا جائے۔
سرکاری و نجی عمارتوں کو سعودی پرچم کے رنگ سبز روشنیوں سے سجایا گیا ہے جبکہ ریڈ زون اور شہر کی مرکزی شاہراہوں پر سعودی بادشاہ، ولی عہد، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تصویروں پر مبنی قدآم ہورڈنگز نصب کی گئی ہیں۔ متعدد شاہراہوں اور عمارتوں پر پاکستان اور سعودی عرب کے پرچم بڑی تعداد میں لہرا رہے ہیں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چراغاں اور خصوصی تقریبات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ دفاعی و سٹریٹجک تعاون کو اجاگر کرنا اور عوام میں اس حوالے سے سنجیدگی و جوش کو بڑھانا ہے۔ وزیراعظم کے مطابق یہ مراسم پاک سعودی تاریخی تعلقات اور باہمی شراکت داری کی علامت ہیں۔
عوامی ردِعمل میں جہاں ایک طرف استقبال اور خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے، وہیں شہریوں نے اس تعاون کو خطے کی سیکورٹی اور اسلامی اتحاد کے لیے اہم قدم قرار دیا۔ ایک شہری نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں کہا کہ سعودی عرب کی حفاظت ہمارے لیے باعثِ سعادت ہے اور اگر ضرورت پیش آئے تو ہم پاک سرزمین کی حفاظت کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ طے، کسی ایک پر حملہ دونوں پر حملہ تصور ہوگا
دوسرے شہریوں کا کہنا تھا کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے دوران مسلم ممالک کے درمیان مضبوط اتحادی روابط بننے سے باہمی تحفظ ممکن ہو گا اور یہ کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف موثر پیغام ہے۔
حکومت نے عوام سے پرامن انداز میں جشن منانے اور عوامی مقامات پر عوامی نظم و ضبط برقرار رکھنے کی اپیل بھی کی ہے۔ انتظامیہ نے چراغاں کے تحفظ اور عوامی سلامتی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔