کامیابی سے دور کرنے والی چند عادتیں

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

دنیا کا ہر انسان کامیاب ہونا چاہتا ہے، لیکن کچھ عادتیں ایسی ہوتی ہیں جو انسان کو کامیابی سے مسلسل دور رکھتی ہیں۔

latest urdu news

ایسے افراد بار بار ناکام ہوتے ہیں اور پھر خود کو بدقسمت یا نا اہل سمجھنے لگتے ہیں، حالانکہ ان کی ناکامی کی اصل وجہ ان کی اپنی سوچ اور طرزِ عمل ہوتا ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ناکام رہنے والے تقریباً تمام افراد میں چند عادتیں مشترک ہوتی ہیں۔

 دوسروں کو الزام دینا

جو شخص اپنی ہر ناکامی کا الزام دوسروں پر ڈال دیتا ہے، وہ کبھی بھی ترقی نہیں کر سکتا۔ "میرے والدین نے سہولت نہیں دی”، "میرا باس سپورٹیو نہیں تھا”، "حالات میرے خلاف تھے” – یہ سب جملے خود ترسی کو جنم دیتے ہیں اور انسان کو اندر سے کمزور بناتے ہیں۔ جب تک کوئی فرد اپنی ناکامی کی ذمہ داری خود قبول نہیں کرتا، کامیابی کا دروازہ نہیں کھلتا۔

 مقصد کا تعین نہ کرنا

زندگی بغیر مقصد کے ایسی ہی ہے جیسے کشتی بغیر پتوار کے۔ ناکام لوگ خواب تو دیکھتے ہیں، لیکن ان خوابوں کی تعبیر کے لیے عملی اقدامات نہیں اٹھاتے۔ نہ کوئی منصوبہ بندی، نہ محنت، نتیجہ ہمیشہ صفر رہتا ہے۔ کامیابی کے لیے واضح مقصد اور مسلسل کوشش ضروری ہے۔

 ہر وقت بہانے بنانا

"وقت نہیں ملا”، "موڈ نہیں تھا”، "موٹیویشن نہیں آئی” – یہ تمام بہانے صرف خود کو دھوکہ دینے کے طریقے ہیں۔ کامیاب لوگ عمل کو ترجیح دیتے ہیں، جبکہ ناکام افراد بہانوں کے پیچھے چھپتے ہیں۔ اگر واقعی کامیابی چاہیے تو بہانے بنانا چھوڑنا ہوگا۔

 کامیاب لوگوں سے سیکھنے کے بجائے حسد کرنا

ناکام لوگ دوسروں کی کامیابی سے خوش ہونے کے بجائے حسد کرتے ہیں۔ وہ کامیاب افراد کو خوش قسمت یا چاپلوس قرار دیتے ہیں، لیکن خود ان سے کچھ سیکھنے کو تیار نہیں ہوتے۔ کامیابی سیکھنے اور خود کو بہتر بنانے سے آتی ہے، حسد سے نہیں۔

 ناکامی کے خوف سے شروع نہ کرنا

بہت سے لوگ ناکامی کے خوف سے اپنے خوابوں کی طرف پہلا قدم ہی نہیں اٹھاتے۔ وہ سوچتے ہیں "کہیں ناکام نہ ہو جاؤں”، "لوگ کیا کہیں گے”، یا "مجھے رسک نہیں لینا چاہیے”۔ یہی سوچ انہیں زندگی بھر ایک ہی مقام پر روکے رکھتی ہے اور وہ کبھی کامیابی کے قریب نہیں پہنچ پاتے۔

تبدیلی  آپ کے اپنے ہاتھ میں ہے

اگر آپ کامیابی کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں تو ان پانچ عادتوں سے نجات حاصل کرنا ضروری ہے۔ دوسروں کو الزام دینا چھوڑیں، واضح مقصد بنائیں، بہانوں سے جان چھڑائیں، کامیاب لوگوں سے سیکھیں اور خوف پر قابو پا کر پہلا قدم اٹھائیں۔ کیونکہ اصل کامیابی انہی کے قدم چومتی ہے جو خود کو بدلنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter