ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے قبل پاکستان نے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ کرکٹ کے میدان کو سیاست کا میدان نہ بنایا جائے اور میچ ’’اسپرٹ آف کرکٹ‘‘ کے تحت کھیلا جائے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے کہ میچ کے آفیشلز کو پہلے سے ہدایات دی جائیں تاکہ کھیل کے دوران کوئی سیاسی حرکت نہ ہو۔ یہ خدشات اس وقت پیدا ہوئے جب ابتدائی میچ میں بھارتی ٹیم کے رویے نے کھیل کے آداب کو نقصان پہنچایا، جیسے بھارتی کپتان کا پاکستانی کپتان سے مصافحہ نہ کرنا اور کھلاڑیوں کا ہاتھ نہ ملانا۔
ایشیا کپ کا بائیکاٹ طے پا چکا تھا:نجم سیٹھی کا انکشاف
اسی میچ کے بعد بھارتی بلے باز سوریا کمار یادو نے سیاسی بیانات دیے، جبکہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے متنازع فیصلوں نے صورتحال کو مزید کشیدہ کر دیا۔ پی سی بی نے آئی سی سی سے شکایت درج کرائی اور ریفری کی تبدیلی کا مطالبہ کیا، بصورت دیگر بائیکاٹ کی دھمکی بھی دی۔
بعد ازاں ریفری کی معافی اور آئی سی سی کی انکوائری کے بعد میچ میں تاخیر کے باوجود کھیل جاری رہا۔ اب سپر فور کے میچ کے لیے امپائرز اور ریفریز کی تقرری زیر غور ہے، جبکہ ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو میدان کے باہر کے معاملات سے دور رہ کر صرف کھیل پر توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت کی ہے۔