سرگودھا: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو سعودی عرب میں اعلیٰ عزت ملی، ان کے طیارے کو سعودی جنگی جہازوں نے سلامی دی، جبکہ ایک سابق وزیراعظم کو "الٹی سیدھی حرکتوں” پر جہاز سے اتارا گیا تھا۔
الیکٹرک بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں مریم نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے، جبکہ اڈیالا جیل میں موجود شخص کو اندازہ ہی نہیں کہ ملک آگے بڑھ چکا ہے۔
جمہوریت صرف حکومت سازی نہیں بلکہ عوام اور ریاست کے درمیان اعتماد ہے، مریم نواز
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں تاریخی سیلاب کے دوران حکومت نے 25 لاکھ افراد اور 22 لاکھ مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے۔ سرگودھا میں 33 الیکٹرک بسیں دی جا رہی ہیں، اور نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کو ایک "تاریخی سفارتی کامیابی” قرار دیا اور کہا کہ حرمین شریفین کی پاسبانی کا شرف پاکستان کو ملا ہے۔