معروف پاکستانی اداکار ارباز خان نے بالآخر فلمی اداکارہ خوشبو خان سے اپنی طلاق کی خبروں کی تصدیق کر دی ہے۔
ایک حالیہ پروگرام میں شرکت کے دوران ارباز خان نے اپنی ازدواجی زندگی، تنہائی اور ذاتی تجربات پر کھل کر بات کی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت سنگل ہیں اور ان کے دل میں کسی کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ ان کے مطابق زندگی کے تلخ و شیریں تجربات نے انہیں زیادہ سمجھدار بنا دیا ہے اور وہ اب ایک ایسی سطح پر پہنچ چکے ہیں جہاں فوری طور پر کسی رشتے کی ضرورت محسوس نہیں کرتے۔
اپنی حالیہ زندگی سے متعلق بات کرتے ہوئے ارباز خان نے کہا کہ وہ تنہا زندگی سے مطمئن ہیں کیونکہ تعلقات میں اکثر ایسی ذمہ داریاں اور پیچیدگیاں آتی ہیں جو انسان کی زندگی کو بوجھل بنا دیتی ہیں۔
ارباز بغیر بتائے کہیں چلے گئے اور واپس نہیں آئے، خوشبو نے علیحدگی کی تصدیق کردی
اداکار کی سابقہ اہلیہ، خوشبو خان، پہلے ہی اس رشتے کے خاتمے کی تصدیق کر چکی ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ پانچ سال قبل ارباز خان اچانک گھر چھوڑ کر چلے گئے تھے اور اس کے بعد دوبارہ واپس نہیں آئے۔ خوشبو کا کہنا تھا کہ انہوں نے اکیلے ہی اپنے دونوں بیٹوں کی پرورش کی اور آج بھی ان کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں۔
یاد رہے کہ ارباز اور خوشبو کی شادی 2000 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بیٹے ہیں۔