امریکی ویٹو پر پاکستان کا ردعمل: غزہ قرارداد کی ناکامی ’سیاہ لمحہ‘ قرار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ سے متعلق جنگ بندی کی قرارداد پر امریکا کے ویٹو پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی برادری کے لیے ایک ’’سیاہ لمحہ‘‘ قرار دیا ہے۔

latest urdu news

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اس ناکام قرارداد پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس قرارداد کا مقصد غزہ میں بگڑتے انسانی بحران کو روکنا تھا۔ ان کے مطابق، یہ ایک غیر معمولی اقدام تھا، جو اسرائیلی جارحیت، شدید تباہی اور لاکھوں فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کے تناظر میں سامنے لایا گیا تھا۔

عاصم افتخار نے کہا کہ یہ ناکامی کسی کوشش یا نیت کی کمی کا نتیجہ نہیں بلکہ صرف امریکی ویٹو کا نتیجہ ہے، جس پر عالمی برادری کو افسوس اور امریکا کو معذرت کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی زمینی حملے مسلسل بڑھ رہے ہیں اور انسانی جانیں روزانہ کی بنیاد پر ضائع ہو رہی ہیں۔

امریکا نے غزہ جنگ بندی کی قرارداد چھٹی بار ویٹو کر دی

انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی کارروائیاں واضح طور پر فلسطینیوں کا قتل عام ہیں۔ ’’معصوم بچے بھوک سے مر رہے ہیں، اسپتالوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور بنیادی انسانی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے،‘‘ انہوں نے کہا۔

پاکستانی مندوب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس سنگین صورتحال میں مداخلت کرے۔ ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو اب خاموش نہیں رہنا چاہیے، اور غزہ میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی ناگزیر ہو چکی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter