گجرات پولیس نے ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ برداروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
ڈی پی او رانا عمر فاروق کی قیادت میں مختلف تھانوں کی پولیس ٹیموں نے منشیات کی بھاری مقدار اور اسلحہ برآمد کرتے ہوئے کئی ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
ایس ایچ او تھانہ لاری اڈہ انسپکٹر حسن زبیر اور چوکی گڑھی احمد آباد کے انچارج عمران اشرف نے ملزم عبدالواحد کو محلہ شاہ حسین سے گرفتار کیا۔ اس کے قبضے سے 1120 گرام ہیروئن اور ایک چھری برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے گرفتاری کے دوران مزاحمت کی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس کانسٹیبل زخمی بھی ہو گیا۔
اسی طرح، ایس ایچ او تھانہ بولانی احسان لطیف کی ٹیم نے ملزم محمد سلیمان کو محمودآباد سے گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 1060 گرام ہیروئن برآمد کی، جبکہ تھانہ گلیانہ کے ایس ایچ او توقیر الحسن نے ملزم ظہیر احمد کو ہنج سے 1200 گرام چرس سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔
گجرات: مٹوانوالہ کے قریب ڈلیوری مین سے پارسل، نقدی اور موبائل فون لوٹ لیا گیا
مزید برآں، تھانہ سول لائنز کے ایس ایچ او فرقان شہزاد اور چوکی جٹووکل کے انچارج مہر جبار نے شراب سپلائی کرنے والے اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے چار ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کیے ہیں۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر شرکاء کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔