13
ریاض: وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا اہم سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد ریاض سے لندن روانہ ہو گئے، جہاں وہ برطانوی اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ریاض ایئرپورٹ پر نائب گورنر محمد بن عبدالرحمٰن بن عبدالعزیز نے وزیراعظم کو الوداع کیا۔ شہباز شریف نے یہ دورہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر کیا تھا، جس میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، اور دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف برطانیہ میں دو روزہ قیام کے بعد 21 ستمبر کو امریکا روانہ ہوں گے۔ وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور 26 ستمبر کو عالمی برادری سے خطاب کریں گے۔
دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر وزراء بھی شریک تھے۔ قصرِ یمامہ میں پرتپاک استقبال، استقبالیہ تقریب اور گارڈ آف آنر وزیراعظم کے اعزاز میں پیش کیا گیا۔