انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو شکست دے کر نویں پوزیشن اپنے نام کر لی ہے۔ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں فتح کے بعد بنگلہ دیش ایک درجہ ترقی کے ساتھ نویں نمبر پر آ گیا ہے، جبکہ افغانستان ایک درجہ نیچے آ کر دسویں پوزیشن پر چلا گیا۔
بولنگ رینکنگ میں بھی اہم تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔ بھارت کے ورون چکرورتی نے شاندار کارکردگی کے باعث نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے۔ ڈفی تنزلی کے بعد اب دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین کی تیسری پوزیشن برقرار ہے۔
پاکستان کے نوجوان بولرز کی کارکردگی بھی قابل ذکر رہی۔ سفیان مقیم چار درجے ترقی پاکر گیارہویں، جبکہ ابرار احمد گیارہ درجے ترقی کے بعد سولہویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔
عالمی نئی ٹی20 رینکنگ: صاحبزادہ فرحان کی بڑی چھلانگ، صائم اور حسن نواز کی تنزلی
بیٹنگ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔ بابر اعظم دو درجے نیچے آ کر چھبیسویں، اور محمد رضوان پانچ درجے تنزلی کے ساتھ تینتیسویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ اسی طرح صائم ایوب پانچ درجے نیچے جا کر چھیالیسویں اور حسن نواز بارہ درجے تنزلی کے بعد سینتالیسویں پوزیشن پر آ گئے۔
تاہم، ایک مثبت پیشرفت بھی دیکھنے میں آئی، جہاں صاحبزادہ فرحان نے 18 درجے ترقی کرتے ہوئے پچپنویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔