تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے پاک فوج کی حمایت کا اعادہ کیا، کشمیر اور پاکستان کو ناقابلِ جدا قرار دیا
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے آزاد جموں و کشمیر کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ اور اساتذہ سے ایک خصوصی نشست کی، جس میں قومی یکجہتی، دفاعی معاملات اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات میں خان محمد خان پوسٹ گریجویٹ کالج، میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اور گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار گرلز کے طلبہ و اساتذہ نے شرکت کی۔ شرکاء نے حالیہ "آپریشن بنیان المرصوص” کی کامیابی پر پاک فوج کو مبارکباد دی اور اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
طلبہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاک فوج کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑے ہیں اور وطن کی سلامتی کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کو دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا فاسٹ یونیورسٹی کا دورہ، طلبہ و اساتذہ سے خصوصی ملاقات
اساتذہ کرام نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اس وقت خطے میں ’’نیٹ ریجنل سٹیبلائزر‘‘ کے طور پر ابھر رہا ہے، اور ملکی و علاقائی امن میں پاک فوج کا کردار نہایت قابلِ تحسین ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ و اساتذہ کی حب الوطنی کو سراہا اور کہا کہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی اثاثہ ہے، جو پاکستان کے روشن مستقبل کی ضامن ہے۔