وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر ماحولیات مصدق ملک اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں رہنما اقتصادی، تجارتی، توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی 25 ستمبر کو ممکنہ ملاقات
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق، ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس موقع پر دونوں ممالک مشترکہ دلچسپی کے امور پر حکمت عملی طے کریں گے اور باہمی تعاون کو وسعت دینے کے لیے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
یہ دورہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں سعودی عرب کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کے تسلسل کی ایک اور کڑی ثابت ہو سکتا ہے۔