بھارتی کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاک بھارت ایشیا کپ میچ کے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کی پاکستان کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو گزشتہ رات اس فیصلے سے آگاہ کیا۔
پاکستان نے پاک بھارت میچ میں ہاتھ نہ ملانے کے واقعے پر میچ ریفری پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا، جسے آئی سی سی نے قبول نہیں کیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کے اس مؤقف کو مسترد کیا کہ میچ ریفری نے بھارتی ٹیم کی درخواست پر کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے کی اجازت دی۔
آئی سی سی کے مطابق اس واقعے کے حوالے سے گراؤنڈ پر موجود ایشین کرکٹ کونسل کے رکن نے میچ ریفری کو ہینڈ شیک نہ کرنے کے بارے میں ہدایت دی تھی۔
میچ ریفری تبدیل نہ ہوا تو پاکستان ایشیا کپ کے مزید میچ نہیں کھیلے گا، پی سی بی کا دوٹوک مؤقف
واضح رہے کہ پاکستان نے 15 ستمبر کو بھارت کے خلاف میچ میں بھارتی ٹیم کے رویے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر میچ ریفری کو تبدیل نہ کیا گیا تو وہ ایشیا کپ کے مزید میچز نہیں کھیلیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی اس معاملے میں اپنائے گئے مؤقف کو سابق کپتان شاہد آفریدی نے کھیل کی عزت بچانے کے لیے درست قرار دیا تھا۔