اینڈی پائی کرافٹ معاملہ: پی سی بی مؤقف پر قائم، درمیانی حل کی کوششیں جاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ اگر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹایا نہ گیا تو پاکستان ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز نہیں کھیلے گا۔ یہ مؤقف اس وقت سامنے آیا جب ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے دوران ریفری کے متنازعہ رویے اور بھارتی ٹیم کی غیر شائستہ حرکات پر پی سی بی نے سخت اعتراض کیا۔

latest urdu news

ذرائع کے مطابق، ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اس بحران کو ختم کرنے کے لیے درمیانی راستہ نکالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، تجویز دی گئی ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ کو پورے ٹورنامنٹ سے نہیں بلکہ صرف پاکستان کے میچز سے ہٹایا جائے، اور ان کی جگہ سابق ویسٹ انڈین کرکٹر رچی رچرڈسن کو تعینات کیا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ تنازع کا آغاز اس وقت ہوا جب پاک بھارت میچ کے دوران ٹاس کے وقت اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان آغا کو شیک ہینڈ سے منع کیا، اور پاکستان میڈیا منیجر سے کہا کہ یہ سب منظر کیمرے میں نہ آئے۔ اس واقعے کے بعد میچ کے اختتام پر پاکستانی منیجر نوید اکرم چیمہ نے اپنے تحفظات ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل کے سامنے رکھے۔ رسل نے جواب میں کہا کہ یہ ہدایات بھارتی بورڈ اور دراصل بھارتی حکومت کی جانب سے ملی تھیں۔

پاکستان نے بھارتی ٹیم اور میچ ریفری کے رویے پر باقاعدہ احتجاج ریکارڈ کروا دیا

اس معاملے پر پی سی بی نے آئی سی سی اور ایم سی سی کو باضابطہ طور پر خط لکھا ہے، جس میں ایم سی سی قوانین اور کرکٹ کی اسپرٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ نے اپنی پیشہ ورانہ ذمے داری پوری نہیں کی اور جانبدار رویہ اپنایا۔

پی سی بی کے مطابق یہ عمل آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ اور اسپرٹ آف دی گیم کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس سے کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان نے میچ ریفری کو تبدیل نہ کیے جانے کی صورت میں ایشیا کپ کے بقیہ میچز کھیلنے سے انکار کی دھمکی دی ہے۔

فی الحال اے سی سی، آئی سی سی اور متعلقہ بورڈز اس مسئلے کو ٹھنڈا کرنے کے لیے متبادل انتظامات پر غور کر رہے ہیں، لیکن پاکستان اپنے مؤقف پر قائم ہے اور واضح کر چکا ہے کہ انصاف کے بغیر میدان میں واپسی ممکن نہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter