پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کے غیر شائستہ رویے پر شدید ردعمل دیا ہے۔
آفریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر جاری بیان میں کہا کہ کرکٹ کا کھیل انصاف، احترام اور اسپرٹ آف دی گیم پر قائم ہے، اور اسی اصول کو برقرار رکھنے کے لیے محسن نقوی نے بروقت اور درست مؤقف اپنایا۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا شفاف حل ضروری ہے تاکہ کھیل کی ساکھ متاثر نہ ہو۔ انہوں نے چیئرمین پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی سے غیر جانبداری کے مطالبے کو سراہا۔
واضح رہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں نہ صرف بھارتی کپتان سوریا کمار نے ٹاس کے وقت پاکستانی کپتان سلمان آغا سے مصافحہ نہیں کیا بلکہ میچ کے بعد بھی بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ نہ ملا کر کھیل کی اسپرٹ کی خلاف ورزی کی۔
پی سی بی نے ان واقعات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے خلاف باضابطہ شکایت آئی سی سی کو جمع کرا دی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری طور پر ایشیا کپ سے ہٹایا جائے، بصورت دیگر پاکستان ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز نہیں کھیلے گا۔