پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے اور سر اٹھا کر واپس سیاسی میدان میں آئیں گے۔
لاہور پریس کلب میں شوکت بسرا، شایان بشیر اور عمر ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ حالیہ عام انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کامن ویلتھ کی رپورٹ کے مطابق 90 سے 95 حلقوں میں فارم 45 اور فارم 46 میں واضح تضاد سامنے آیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ انتخابی عمل میں بدعنوانی ہوئی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ ہیرا پھیری برسرِاقتدار جماعت کے حق میں کی گئی اور اس کے ذریعے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ "ساری دنیا کہہ رہی ہے کہ آئین پر حملہ ہوا ہے، جو ایک شرمناک عمل ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ آئین میں کی گئی غیر قانونی ترامیم کو واپس کرایا جائے گا، اور موجودہ پارلیمان کو جو مفلوج کیا گیا ہے، اس کو بحال کرنے کے لیے سیاسی اور قانونی جدوجہد جاری رہے گی۔
عمران خان کو ایک اور مقدمے میں سزا سنانے کی تیاری کی جا رہی ہے:علیمہ خان
انہوں نے عدالتی نظام پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسے سیاسی مخالفین کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
اسمبلی میں شمولیت یا بائیکاٹ کے حوالے سے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ فیصلہ پارٹی کے بانی عمران خان خود کریں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ عمران خان نہ معافی مانگیں گے، نہ ہی کسی ڈیل کا حصہ بنیں گے، بلکہ عزت و وقار کے ساتھ واپس آئیں گے۔