میچ ریفری تبدیل نہ ہوا تو پاکستان ایشیا کپ کے مزید میچ نہیں کھیلے گا، پی سی بی کا دوٹوک مؤقف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے دوران پیش آنے والے واقعے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے خلاف آئی سی سی میں باقاعدہ شکایت درج کرا دی ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ اگر میچ ریفری کو فوری طور پر تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ کے باقی میچز نہیں کھیلے گا۔

latest urdu news

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ میچ ریفری نے نہ صرف آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق بلکہ ایم سی سی (لارڈز کے کرکٹ قوانین کے نگہبان ادارے) کے اصولوں کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ نے "اسپرٹ آف کرکٹ” کے منافی اقدامات کیے، جس سے کھیل کی شفافیت اور روایات کو نقصان پہنچا۔

ذرائع کے مطابق، پی سی بی نے آئی سی سی اور ایم سی سی کو الگ الگ خطوط ارسال کیے ہیں جن میں بھارتی ٹیم کے رویے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا گیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں نے دانستہ طور پر پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملایا، جس سے کھیل کے اسپرٹ کو نقصان پہنچا۔ مزید یہ کہ میچ ریفری نے مبینہ طور پر کپتانوں کو ہاتھ ملانے سے بھی روکا، جس پر قومی ٹیم کے منیجر نے فوری طور پر احتجاج بھی ریکارڈ کروایا۔

پاکستان نے بھارتی ٹیم اور میچ ریفری کے رویے پر باقاعدہ احتجاج ریکارڈ کروا دیا

پی سی بی نے اپنے خط میں مؤقف اپنایا کہ کھیل میں سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، اور اس واقعے پر آئی سی سی اور ایم سی سی کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔ اگر ایسا نہ ہوا تو پاکستان ٹیم ایشیا کپ کے باقی میچز سے دستبردار ہونے پر مجبور ہو سکتی ہے۔

ادھر ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے بھی بھارتی ٹیم کے ممکنہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ صورتحال اب سنگین رخ اختیار کر چکی ہے اور اگلے چند روز میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter