پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ 2025 کے دوران پاکستان اور بھارت کے میچ میں بھارتی ٹیم اور میچ ریفری کے مبینہ نامناسب رویے پر باقاعدہ احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔
پی سی بی کے مطابق پاکستانی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے میچ کے بعد میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے رویے پر باضابطہ احتجاج کیا۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ بھارتی کھلاڑیوں کا میچ کے اختتام پر پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہ کرنا کھیل کی روح کے منافی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی منیجر نے میچ ریفری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ طرز عمل کھیل کی "اسپورٹس مین اسپرٹ” کے خلاف ہے۔ اس پر میچ ریفری نے مبینہ طور پر جواب دیا کہ بھارتی کھلاڑیوں نے یہ رویہ کسی ہدایت کے تحت اپنایا تھا۔
مزید برآں، پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھی میچ کے بعد اختتامی تقریب میں شرکت نہیں کی۔ ذرائع کے مطابق اس فیصلے کی ایک وجہ تقریب کے میزبان کا تعلق بھارت سے ہونا بتایا گیا ہے۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بھی صورت حال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم کے رویے پر پاکستان کا ردعمل فطری تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی کھیل کے جذبے کے تحت ہاتھ ملانے کے لیے تیار تھے، لیکن انہیں یہ موقع نہیں دیا گیا۔
بھارتی ٹیم نے ہاتھ نہیں ملایا، مایوسی ہوئی: پاکستان کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن
پاکستانی ٹیم کے ترجمان کے مطابق، ٹاس کے وقت بھی میچ ریفری نے دونوں کپتانوں سے مصافحہ نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔ واضح رہے کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کا تعلق زمبابوے سے ہے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 میں دبئی میں کھیلے گئے پاک-بھارت میچ کے اختتام پر بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملایا تھا، جس پر اسپورٹس مین شپ کے اصولوں کی خلاف ورزی کا سوال اٹھایا جا رہا ہے۔