اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف آج قطر کے دارالحکومت دوحہ روانہ ہوں گے جہاں وہ عرب اسلامی سربراہی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
جیو نیوز کے مطابق یہ ہنگامی اجلاس دوحہ میں ہو رہا ہے، جس میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت اور اعلیٰ حکام کی شرکت متوقع ہے۔ اجلاس کا مقصد خطے میں جاری کشیدگی، بالخصوص فلسطین کی صورتحال اور قطر پر اسرائیلی حملے کے بعد پیدا ہونے والے حالات پر غور و مشاورت کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار پہلے سے ہی قطر میں موجود ہیں اور وہ اجلاس میں شرکت کے لیے تیاری کر چکے ہیں۔ وزیراعظم کی شمولیت سے پاکستان کی جانب سے اس معاملے پر اہم موقف سامنے آنے کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل اسرائیل نے دوحہ میں مبینہ طور پر حماس رہنماؤں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی، تاہم حماس کی مرکزی قیادت اس حملے میں محفوظ رہی۔ اس واقعے کے بعد پاکستان سمیت کئی اسلامی ممالک نے اسرائیلی اقدام کی شدید مذمت کی اور قطر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
کانفرنس میں فلسطینیوں کو زبردستی بےگھر کرنے، غزہ کی صورتحال، اور اسرائیل کے فضائی حملوں جیسے اہم معاملات پر گفتگو اور مشترکہ لائحہ عمل طے کیے جانے کا امکان ہے۔