ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا میں سیلابی صورتحال سنگین ہونے کے باعث موٹروے ایم 5 کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق سیلابی پانی کے کٹاؤ سے موٹروے میں بریچنگ کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر این ایچ اے اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر بچاؤ کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ موٹروے کو بڑے کٹاؤ سے محفوظ رکھنے کے لیے سینڈ بیگ اور پتھر استعمال کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں جلال پور پیر والا کے مقام پر سیلابی پانی میں واضح کمی متوقع ہے، جبکہ پنجاب کے دیگر دریاؤں میں بھی پانی کے بہاؤ میں تیزی سے کمی دیکھی جا رہی ہے۔ پنجند پر بہاؤ کم ہو کر 3 لاکھ 92 ہزار کیوسک رہ گیا، جبکہ گڈو بیراج پر بہاؤ اب بھی 6 لاکھ 27 ہزار کیوسک ہے۔
ترجمان موٹروے کے مطابق، ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارنے کے لیے ڈائیورشنز لگا دی گئی ہیں۔
پنجاب میں اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ، جلال پور پیر والا میں فوج طلب
نارتھ باؤنڈ ٹریفک کو اوچ شریف، جھانگرہ اور جلال پور انٹرچینج سے موڑا جا رہا ہے۔
ساؤتھ باؤنڈ ٹریفک کو شاہ شمس، شیر شاہ اور شجاع آباد ساؤتھ انٹرچینجز سے متبادل راستوں پر منتقل کیا جا رہا ہے۔