پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شدید سیلابی صورتحال کے باوجود ایک نوجوان نے اپنی شادی کے وعدے کو نبھاتے ہوئے کشتی میں بارات لے جا کر دلہن کو بیاہ لایا، اور یوں زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔
بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑے جانے کے بعد پنجاب کے کئی اضلاع، شہر اور دیہات شدید سیلاب کی زد میں ہیں۔ جہاں ایک طرف لوگ اپنوں کی جدائی اور گھروں کے نقصان پر غم زدہ ہیں، وہیں کچھ خاندان ایسے بھی ہیں جن کی شادی کی تقریبات ان اندھیرے میں روشنی کی کرن بن کر سامنے آ رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ دولہا اور اس کے اہل خانہ نے ریسکیو کی کشتیوں کے ذریعے بارات لے کر سیلاب زدہ علاقے میں پہنچ کر نکاح اور رخصتی کی تقریب انجام دی۔ دلہن نے سرخ عروسی لباس زیب تن کیا ہوا تھا، جبکہ دولہا سفید شلوار قمیض اور گلے میں ہار پہنے خوشی سے نہال نظر آیا۔
رخصتی کے وقت کشتی پر سوار تمام افراد کو لائف جیکٹس بھی پہنائی گئیں تاکہ واپسی محفوظ ہو سکے۔ گاؤں واپسی پر اہل علاقہ اور رشتہ داروں نے نئے جوڑے کا پرجوش استقبال کیا۔
یہ واقعہ جہاں سوشل میڈیا پر جذباتی ردعمل کا باعث بنا، وہیں اس نے ثابت کیا کہ مشکلات اور آزمائشوں کے باوجود محبت، وعدے اور خوشیوں کا سفر جاری رہتا ہے۔