معروف بھارتی اداکارہ دیشا پٹانی کے گھر کے باہر بدنام زمانہ گولڈی برار گینگ کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی، جس میں ان کے والد بال بال بچ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دیشا پٹانی کے گھر کے باہر پیش آیا، جس نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم نشانہ اداکارہ کے والد کو بنایا گیا تھا۔
واقعے کی ذمہ داری گولڈی برار اور روہت گودارا گینگ نے قبول کر لی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں گینگ نے دعویٰ کیا کہ یہ حملہ دیشا کی بہن خوشبو پٹانی کے مبینہ "توہین آمیز” بیانات کے جواب میں کیا گیا۔
گینگ نے مزید خبردار کیا کہ اگر دوبارہ ایسی کوئی بات کی گئی تو "کسی کو نہیں بخشا جائے گا۔” خوشبو پٹانی نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔
فائرنگ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ دیشا پٹانی اور ان کا خاندان شدید خوف زدہ ہے۔ فی الحال دونوں بہنیں میڈیا سے خاموش ہیں۔
واقعے نے نہ صرف علاقے میں بلکہ شوبز حلقوں میں بھی ہلچل مچا دی ہے، اور اداکارہ کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔