جی ٹی روڈ سرائے عالمگیر پر تیز رفتار بے قابو کار اور موٹر سائیکل کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق جبکہ اس کی اہلیہ اور سات سالہ بیٹی شدید زخمی ہوگئیں۔
حادثہ مہے کلاں کے رہائشی 35 سالہ ذاکر کے ساتھ پیش آیا جو اپنی 36 سالہ بیوی عظمیٰ اور 7 سالہ بیٹی پاکیزہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار تھا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس سے ذاکر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ان کی بیوی اور بیٹی کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال سرائے عالمگیر منتقل کیا گیا، جہاں دونوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق کار ڈرائیور تصادم کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور کار ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔