مقدس شخصیات کی مبینہ توہین کے مقدمے میں گرفتار معروف مذہبی اسکالر انجینئر محمد علی مرزا جہلمی کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی کی کچہری میں سخت سیکیورٹی کے حصار میں انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔
ایف آئی اے کی ٹیم نے ملزم کو سینئر سول جج وقار حسین گوندل کی عدالت میں پیش کیا اور تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے انجینئر مرزا کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔
انجینئر محمد علی مرزا کے خلاف 295 سی کے تحت مقدمہ درج
عدالت نے ایف آئی اے کو حکم دیا کہ تفتیش مکمل کر کے ملزم کو 19 ستمبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔ سماعت کے بعد ایف آئی اے ٹیم سخت پہرے میں انجینئر مرزا کو عدالت سے روانہ کر کے واپس لے گئی۔
یاد رہے کہ انجینئر محمد علی مرزا پر مقدس شخصیات کے خلاف مبینہ گستاخانہ کلمات کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس پر انہیں ایف آئی اے نے حراست میں لیا تھا۔