فتنہ الخوارج کے دہشتگرد مساجد اور قرآن کی بے حرمتی کرتے تھے: منحرف خارجی کا انکشاف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 پاک فوج کے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں گرفتار ہونے والے ایک منحرف خارجی دہشتگرد عبدالصمد نے ہوش ربا انکشافات کیے ہیں۔

latest urdu news

گل بہادر گروپ سے تعلق رکھنے والے اس دہشت گرد نے اپنے اعترافی بیان میں بتایا کہ فتنہ الخوارج کے شدت پسند نہ صرف مساجد اور قرآن کی بے حرمتی کرتے تھے، بلکہ بچوں سے زیادتی جیسے گھناؤنے جرائم میں بھی ملوث تھے۔

عبدالصمد نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس نے تقریباً ساڑھے چار سال افغانستان میں گزارے جہاں اسے کلاشنکوف چلانے کی تربیت دی گئی۔ بعد ازاں وہ منظر ہیل پہنچا جہاں گل بہادر گروپ کے کمانڈر صادق سے ملاقات ہوئی اور تین ماہ اس کے ساتھ گزارے۔ بعد ازاں وہ زنگوٹی خرسین منتقل ہوا جہاں اس کی ملاقات گروپ کے دوسرے کمانڈر اسد ملا سے ہوئی اور وہ اس کے گروپ میں شامل ہو گیا۔

عبدالصمد کے مطابق اسد ملا نے زنگوٹی کی مینار والی مسجد کو اسلحہ بنانے کا مرکز بنایا ہوا تھا۔ مسجد میں آئی ڈیز، مائنز اور ڈرون بم تیار کیے جاتے، جب کہ پسِ منظر میں گندی ویڈیوز اور گانے چلائے جاتے تھے۔ اسد ملا مسجد کے تقدس کی پرواہ کیے بغیر وہاں بچوں کو بدفعلی کے لیے استعمال کرتا تھا، اور فوج کو "مرتد” کہہ کر ان کے خلاف کارروائی کا درس دیتا تھا۔

عبدالصمد نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے یہ دہشتگرد "کافروں سے بھی بدتر” تھے۔ جب اس نے ان کے گناہ دیکھے تو دل سے ان کا ساتھ چھوڑنے کا فیصلہ کیا، لیکن اسی دوران فوج نے کارروائی کی۔ چھاپے کے وقت دہشتگرد فرار ہو گئے اور جاتے جاتے موبائل فون اور شناختی کارڈ اپنے ساتھ لے گئے، تاکہ ان کے نشانات مٹائے جا سکیں۔

عبدالصمد نے مزید انکشاف کیا کہ زنگوٹی کی تمام مساجد ان کے ٹھکانے تھے۔ دین اکبر، مرزا خان اور لاؤد خیل مساجد میں دہشتگردوں کے 10،10 افراد تعینات تھے جبکہ مینار والی مسجد میں اسد ملا کے ساتھ 15 دہشتگرد موجود تھے۔ وہ تمام مساجد پر کنٹرول رکھتا تھا۔

عبدالصمد کا کہنا تھا کہ وہ پانچ سال طالبان کے ساتھ اور صرف پانچ دن فوج کے ساتھ رہا، لیکن وہ گواہی دیتا ہے کہ فوج حق پر ہے اور طالبان جھوٹے اور منافق ہیں۔ اس نے کہا کہ طالبان کے دعوے کے برعکس، فوج کے رویے نے اسے سچائی دکھائی۔ طالبان نہ صرف قرآن اور مسجد کا احترام نہیں کرتے بلکہ بچوں سے زیادتی جیسے مکروہ افعال میں بھی ملوث ہیں۔

آخر میں عبدالصمد نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے گمراہ گروہوں سے دور رکھیں اور فوج کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ دہشتگردی جیسے فتنے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter