ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کا آغاز ہو چکا ہے، اور پاکستان کرکٹ ٹیم آج اپنے پہلے میچ میں عمان کے خلاف میدان میں اترے گی۔
یہ میچ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جسے "رِنگ آف فائر” کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
اس اہم مقابلے سے قبل پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پریس کانفرنس میں دبئی کی پچ کو بلے بازوں کے لیے سازگار قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو بیک وقت کئی کردار ادا کر سکتے ہیں، یعنی "ملٹی اسکلز پلیئرز”۔
ایشیا کپ: آج بھارت اور یو اے ای کے درمیان دبئی میں ٹاکرا ہوگا
پاکستان کے لیے یہ میچ نسبتاً آسان تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ عمان پہلی بار ایشیا کپ کھیل رہا ہے۔ قومی ٹیم حالیہ سہ ملکی سیریز جیت کر اس میچ میں بھرپور اعتماد کے ساتھ اتری ہے۔ مبصرین کے مطابق، اس میچ کو بھارت کے خلاف اتوار کے بڑے مقابلے سے قبل ایک وارم اپ کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب عمان کے کپتان جدیندر سنگھ نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم سے عمان کا براہ راست کوئی موازنہ نہیں، لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق، ایشیا کپ میں بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنا عمان کے لیے سیکھنے اور تجربہ حاصل کرنے کا سنہری موقع ہے۔
پاکستانی شائقین کرکٹ اس مقابلے کے ساتھ ساتھ پاک بھارت میچ کے شدت سے منتظر ہیں، جس کے ٹکٹس کی مانگ میں پہلے ہی غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے۔