پاکستان کی سینئر اداکارہ اسما عباس نے بڑی عمر میں محبت اور شادی کے حوالے سے سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی کو بڑی عمر میں محبت ہو جائے تو اسے کیوں معیوب سمجھا جاتا ہے؟ کیا واقعی بڑی عمر میں محبت یا شادی نہیں ہوسکتی؟
اپنے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسما عباس نے بتایا کہ انہوں نے شادی کے بعد شوبز سے کچھ عرصہ دوری اختیار کی، لیکن اب دوبارہ کام شروع کر دیا ہے اور اس بار وہ چھوڑنے کا ارادہ نہیں رکھتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وہ کم کام کریں گی تو اپنی مرضی سے کریں گی کیونکہ مسلسل ایک ہی طرح کے کردار ادا کرتے کرتے تھکن محسوس ہوتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ڈراموں میں بڑی عمر کے افراد کے مرکزی کردار کی کمی ہے اور عام طور پر والدین کے کردار ہی پیش کیے جاتے ہیں۔ اسما عباس نے شکوہ کیا کہ ہماری کہانیوں میں بڑی عمر کے لوگوں کی محبت اور شادی کو جگہ نہیں دی جاتی، حالانکہ حقیقت میں بشریٰ انصاری اور ثمینہ احمد جیسی شخصیات نے بھی اس عمر میں شادی کی ہے۔
اداکارہ نے زور دیا کہ بڑی عمر کے افراد نہ صرف خوش مزاج اور خوشحال ہوتے ہیں بلکہ ان کے پاس زندگی کا قیمتی تجربہ بھی ہوتا ہے، جس پر مبنی کہانیاں بھی ڈرامہ انڈسٹری میں بنائی جا سکتی ہیں، لیکن یہ موضوعات بہت کم دکھائے جاتے ہیں۔