اسلام آباد میں وزارت داخلہ نے افسران کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے 20 نئی ریوو گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان میں سے 10 گاڑیاں اسلام آباد پولیس کو جبکہ 10 انتظامی افسران کے لیے مختص کی جائیں گی۔
اسلام آباد کے تمام 8 اسسٹنٹ کمشنرز کو ریوو ڈالے فراہم کیے جائیں گے، جب کہ آپریشن ڈویژن میں تعینات ایس پیز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور ایس ایس پی آپریشنز کو بھی یہ گاڑیاں دی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن، سیکیورٹی، سی ٹی او اور ایس پی ڈولفن اسلام آباد پولیس بھی ان گاڑیوں کا استعمال کریں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ گاڑیاں اکتوبر میں افسران کے حوالے کی جائیں گی۔ وزارت داخلہ کے مطابق گاڑیوں کی فراہمی کا مقصد افسران کو فیلڈ آپریشنز کے دوران بہتر سہولیات دینا ہے، کیونکہ سابقہ کاریں ان کے لیے موزوں ثابت نہیں ہو رہی تھیں، جس کے باعث آپریشنل کارکردگی متاثر ہو رہی تھی۔
وزارت کے مطابق ریوو ڈالے زیادہ مضبوط اور سڑک کے ہر قسم کے حالات کے لیے موزوں ہیں، جس سے افسران کو اپنے فرائض بہتر طریقے سے ادا کرنے میں مدد ملے گی۔